نئی دہلی،26فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)یونین پبلک سروس کمیشن(یو پی ایس سی)کی سول سروس امتحان کے ذریعے مرکزی حکومت اس سال ہندوستانی انتظامی خدمات(آئی اے ایس) بھارتی خارجہ سروس(آئی ایف ایس)اور بھارتی پولیس سروس(آئی پی ایس)جیسی اہم خدمات میں محض 980افسران کی بھرتی کرے گی۔بھرتی کے یہ اعداد و شمار گزشتہ پانچ سال میں سب سے کم ہیں۔سال 2016کے امتحان کے ذریعے 1079جبکہ 2015کے امتحان کے ذریعے 1164عہدوں پر بھرتی کا اشتہار دیا گیا تھا۔گزشتہ سال ہوئے امتحان کے آخری نتائج اب تک اعلان نہیں ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ، 2014اور 2013میں بالترتیب 1364 اور 1228 افسران کی بھرتی کی گئی۔لاکھوں کی تعداد میں طلبہ یو پی ایس سی سول سروس کے امتحان دیتے ہیں اور تین مرحلے پاس کرنے کے بعد آئی اے ایس، آئی ایف ایس، آئی پی ایس سمیت مرکزی خدمات میں اہم عہدوں پر پہنچتے ہیں۔سال 2017 کی سول سروس ابتدائی امتحان 18 جون کو ہوگا۔تین سال کے وقفے کے بعد یو پی ایس سی جون میں ابتدائی امتحان منعقد کر رہا ہے۔یو پی ایس سی کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ سال 2016، 2015 اور 2014 کے لئے ابتدائی امتحان اگست میں ہواتھا۔اس سال ابتدائی امتحان کے لئے درخواست کرنے کی آخری تاریخ 17 مارچ ہے۔